انقرہ (این این آئی)ترکی کے قائم مقام چیف آف اسٹاف امیت دندار نے کہاہے کہ ترکی نے فوجی بغاوت کا باب ہمیشہ کیلئے بند کردیا جس اب کبھی نہیں کھولا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی بغاوت کی کوشش ہماری پولیس اور پروسیکیوٹرز کی جانب سے کیے جانے والے فوری اقدامات کی وجہ سے ناکام بنی۔انہوں نے کہا کہ عوام نے قانون کی بالادستی اور جمہوریت کا ساتھ دے کر بغاوت کی کوشش ناکام بنائی اور سینئر فوجی قیادت شروع ہی سے اس بغاوت کے خلاف تھی۔انہوں نے بتایا کہ اقتدار پر قبضے کی کوشش میں ایئرفورس، ملٹری پولیس اور آرمرڈ یونٹس کے اہلکار ملوث تھے۔انہوں نے بتایا کہ متعدد کمانڈرز کو باغیوں نے یرغمال بنالیا ہے اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔