بیجنگ(آئی این پی )چین نے فلپائن کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین کے تنازعہ پر مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے جمعہ کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ تنازعہ کو حل کرنے کے لئے مذاکرات اور گفت وشنید کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ۔انہوں نے سابق فلپائنی حکومت کی جانب سے یکطرفہ طور پر ثالثی کونسل میں دائر کی جانے والی درخواست میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چین اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور بحیرہ جنوبی چین کے حوالے سے فیصلہ کو نہ تو قبول کیا جائے گا اور نہ ہی اس کی توسیع کی جائے گی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کا مستقبل روشن ہو گا اگر تنازعات کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے ۔ واضح رہے کہ فلپائن نے ثالثی کونسل کے فیصلہ کے بعد بحیرہ جنوبی چین کے تنازعہ پر مذاکرات کے ذریعے نمائندہ چین بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔