بیجنگ(آئی این پی )چینی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ آسٹریلیا بحیرہ جنوبی چین پر نام نہاد ثالثی کونسل کے نامعقول فیصلے سے کوئی غیر قانونی نتیجہ اخذ نہیں کرے گا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لوکانگ نے جمعرات کو معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین کو امید ہے کہ آسٹریلیا بین الاقوامی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے ردعمل دے گا ، آسٹریلیا بین الاقوامی برادری کے اکثریتی ممالک کی جانب سے تیار کی جانے والی رائے کا احترام کرے گا۔ چین بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتا ہے اگر کسی ملک نے ان کی خلاف ورزی کی تو اس کے نتائج سب کے سامنے ہوں گے ۔چین کو بین الاقوامی قوانین کی حرمت کا اندازہ ہے اور ایسے تمام اقدامات کو مسترد کرتا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ چین ایسی کسی بھی اشتعال انگیر کاروائی کا بھرپور جواب دے گا جس سے اس کے سیکیورٹی مفادات اور خودمختاری کو نقصان پہنچتا ہو۔ آسٹریلیابحیرہ جنوبی چین میں براہ راست شریک نہیں ہے اس لئے چین کو امید ہے کہ آسٹریلیا اپنے وعدے پر قائم رہتے ہوئے خودمختاری سے متعلق تنازعات میں کسی فریق کی معاونت نہیں کرے گا اور ایسے اقدامات سے گریز کرے گا جس سے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچے اور علاقائی امن واستحکام کو آنچ آئے ۔