دمشق (آن لائن) شدت پسند تنظیمیں القاعدہ اور داعش اب تک تو دنیا کے لئے ہی خوف کی علامت تھیں مگر اب یہ آپس میں بھی خون کی ہولی کھیلنے کو تیار نظر آ رہی ہیں۔اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کے سربراہ ایمن الزواہر ی نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو اسلام کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دے دیا ہے اور داعش کے رہنماؤں کو ’’صدام حسین کے افسران ‘‘ قرار دیا ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی البغدادی کی اطاعت کرتا ہے وہ جان لے کہ وہ اس کے جرائم میں شریک ہے۔ انہوں نے داعش کو دیگر شدت پسند تنظیموں کے جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا۔ ایمن الزواہری نے شام میں لڑنے والے تمام جنگجو گروپوں پر زور دیا کہ وہ داعش کے خلاف اْٹھ کھڑے ہوں، ورنہ داعش ان سب کو مٹا دے گی۔