سرینگر /نئی دہلی (این این آئی) مقبوضہ وادی میں تحریک آزادی کی لہر نے بھارتی ایوانوں میں ہل چل مچادی ٗ افریقی ممالک کے دورے سے واپسی پر بھارتی وزیر اعظم مودی نے فوری اجلاس طلب کر کے وادی کی صورتحال کا جائزہ لیا ٗ بھارتی حکومت کٹھ پتلی حکومت کے رد عمل سے ناراض دکھائی دی منگل کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے افریقی ممالک کے دورے سے واپسی پر دارالحکومت دہلی میں کشمیر کی صورتحال پر ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی ٗ وزیر خارجہ ٗ وزیر دفاع ٗنیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجت ڈوول، سیکرٹری خارجہ جے شنکرسمیت متعدد وزرا اور اعلی اہلکار شامل ہوئے۔اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم کشمیر کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ریاست کی ہر ممکن مدد کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے کشمیر کے حالات کا جائزہ لیا اور وہاں کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت پورے معاملے میں جموں و کشمیر کی ریاستی حکومت کے ردعمل سے خوش نہیں ور اس بارے میں وزیر داخلہ جلد ہی ریاستی حکومت سے بات کریں گے۔