نئی دلی(آن لائن)بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق راجناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ٹیلی فون کیا اور کشمیر مجاہد کمانڈر برہان الدین وانی کے قتل کے بعد مقبوضہ علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال پر قابوپانے کیلئے بھارتی فوج کی اضافی کمپنیوں کی مقبوضہ کشمیرمیں تعیناتی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔ ا نہوں نے اس سلسلے میں محبوبہ مفتی کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور بتایا کہ نیم فوجی دستوں کی سولہ اضافی کمپنیوں کو فوری طور پر سرینگر بھیجنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔اس دوران راجناتھ سنگھ نے جموں کشمیر کی ابتر صورتحال پر ہنگامی اجلاس بلایاجس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری سرینگر روانہ ہونگے جہاں وہ صورتحال کے حوالے سے جانکاری حاصل کریں گے۔