منامہ (این این آئی)بحرین کی حکومت نے ملک میں متعدد شیعہ افراد کو سزائیں دینے اور ان کی شہریتیں منسوخ کرنے کے اقدامات کا دفاع کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتے کے روز بحرین کے وزیر اطلاعات علی بن محمد الرمیحی نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر فرقہ واریت کی روک تھام اور غیرملکی مداخلت کو روکنے کے لیے قانون کا نفاذ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سلامتی اور ملکی استحکام کے لیے ان افراد کے خلاف ’شفاف‘ مقدمات چلائے گئے اور انہیں سزائیں سنائی گئیں۔ سن 2011ء سے شیعہ اکثریتی بحرین میں سنی حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ بحرین کی حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ان مظاہروں کو ہوا دینے کے پس پردہ ایرانی ہاتھ ہے۔