واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ نے پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں دہشتگرد اور انتہاپسند گروپوں سے لاحق خطرے کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، حقانی نیٹ ورک اور طالبان پر دباؤ ڈالنے کیلئے پاکستانی کوششیں خطے میں تشدد کم کرنے میں مددکیلئے ضروری ہیں، امریکہ افغان امن عمل کیلئے چار فریقی گروپ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کی سلامتی کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کی کوششوں میں اپنی سرزمین پر دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنا بند کردے ۔محکمہ دفاع نے کانگریس کو اپنی رپورٹ بعنوان ’’افغانستان میں سلامتی اور استحکام میں اضافہ ‘‘ میں کہا کہ پاکستان کو خطے میں دہشتگرد اور انتہاپسند گروپوں سے لاحق خطرے کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان داعش اور خراسان جیسے مشترکہ خطرے جیسے مخصوص مسائل پر درمیانی سطح کے ملٹری ٹو ملٹری ڈائیلاگ اور کبھی کبھار فوج اور حکومت کے اعلی سطح پر مذاکرات رپورٹنگ مدت میں حوصلہ افزاء تھے۔تاہم حقانی نیٹ ورک اور طالبان پر دباؤ ڈالنے کیلئے پاکستانی کوششیں خطے میں تشدد کم کرنے میں مددکیلئے ضروری ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ افغان امن عمل کیلئے چار فریقی گروپ کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔