ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپورنے سوتیلی بیٹی سارہ علی خان کو مستقبل میں بالی ووڈ نگری کی بڑی اداکارہ قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپورکے شوہرسیف علی خان کی سابقہ بیوی امرتا سنگھ سے ہونے والی بیٹی سارہ علی خان حال ہی میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹی ہیں اورانہوں نے بھی اپنے والدین اوردادی کی طرح اداکاری کو ہی چنا ہے، سارہ علی خان بالی ووڈ ہدایت کار موہت سوری کی فلم میں جلوہ گرہوں گی اوران کے مدمقابل ہیرو ایشان کھترہوں گے جو کہ شاہد کپور کے سوتیلے بھائی ہیں۔ گو کہ سارہ علی خان کی فلم کی شوٹنگ کا آغاز نہیں ہوا لیکن اس سے قبل ہی ان کی سوتیلی والدہ یعنی کرینہ کپور نے انہیں مستقبل کی بڑی اداکارہ قرار دے دیا ہے۔کرینہ کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سارہ کی جانب سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے پر بہت خوش اور پر امید ہوں کیونکہ سارہ خوبصورتی اورذہانت کا بہترین امتزاج ہے۔ اس کے علاوہ وہ بہت پر اعتماد بھی ہے ، ان ہی خوبیوں کی بدولت وہ یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ سارہ بالی ووڈ کی بہترین اداکارہ بنے گی۔