اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیمرا نے جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کے پروگرام ’’انعام گھر‘‘میں میزبان عامر لیاقت حسین کی پیمرا ایکٹ کی خلاف ورزی نوٹس جاری کرتے ہوئے جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کے پروگرام ’’انعام گھر‘‘ کو بند کرنے یا جرمانہ کرنے کی نوید سناتے ہوئے 21 جون تک جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل پر میزبان عامر لیاقت حسین نے ایک لڑکی کی پنکھی سے لٹک کر خودکشی کے مناظر دکھائے جو کہ پیمرا کی طرف سے جاری کردہ احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ مزید یہ کہ میزبان عامر لیاقت حسین اسی پروگرام میں شرکاء کو الٹی سیدھی حرکات کرنے ، پھکوپن، بھڑکوں اور پنجابی میں غصہ کرنے پر اکساتے رہے ۔ عامر لیاقت حسین کے بار بار اکسانے پر پروگرام میں شریک شخص نے انعام جیتنے کے لالچ میں ایک گالی بھی نکال دی جو نشر ہوئی۔ پیمرا نے اپنے نوٹس میں واضح کیا کہ ذرائع ابلاغ عامہ کے ذریعے اس طرح کی نامناسب حرکتیں ، گالیاں اور گفتگو ٹی وی چینل کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا نہایت ہی نامناسب ہے اور رمضان کے تقدس سے متعلق پیمرا کی واضح ہدایات کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ پیمرا کو عامر لیاقت حسین کی ان غیر ذمہ دارانہ، غیر پیشہ وارانہ حرکات و گفتگو اور گالی کے نشر ہونے پر ٹویٹر اکاؤنٹ اور کمپلینٹس کال سینٹر پر متعدد شکایات موصول ہوئیں جس میں میزبان کے غیر اخلاقی، غیر مہذب اور ذومعنی الفاظ و انداز کے مذہب کی آڑ میں استعمال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔شکایت کرنے والوں میں پاک فوج کے سرونگ آفیسرز بھی شامل ہیں جنہوں نے عامر لیاقت حسین کا پاکستان کے جھنڈے اور پاک فوج کی وردی کو اپنے کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔ پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کیلئے انڈین گانوں پر شرکاء سے رقص کروانے جیسے تضاد پر ناظرین نے شدید احتجاج کیا ہے اور پیمرا کو سینکڑوں شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں عامر لیاقت حسین کے پروگرام میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
پیمرا نے اپنے نوٹس میں جیو کو لکھا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر،
میسر ز اینڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ (جیو انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل) ،
آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی
اظہار وجوہ نوٹس
جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کے پروگرام ’’انعام گھر‘‘ کو کیوں نہ بند کر دیا جائے ……یا
کیوں نہ چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے،
پیمرا کا چینل کو 21 جون 2016ء تک جوابدہی کا حکم
جیسا کہ جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل پر مورخہ 13 جون 2016ء ، دوپہر 2:39 پر میزبان ، عامر لیاقت حسین نے ایک لڑکی کی پنکھے سے لٹک کر خودکشی کے مناظر دکھائے جو کہ پیمرا کی طرف سے جاری کردہ احکامات مورخہ یکم جون 2016ء جس کے تحت خودکشی کے مناظر دکھانا، خودکشی کی گرافک کے ذریعے عکاسی اور خودکشی کو دھندلی تصاویر کے ذریعے دکھانے پر مکمل اور مستقل پابندی عائد کی گئی تھی، کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
جیسا کہ جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کے اسی پروگرام میں شام 7:52 پر میزبان، عامر لیاقت حسین ، پروگرام کے شرکاء کو الٹی سیدھی حرکات کرنے ، پھکوپن، بھڑکوں اور پنجابی میں غصہ کرنے پر اکساتے رہے ۔ عامر لیاقت کے بار بار اکسانے پر پروگرام میں شریک شخص نے محض انعام جیتنے کے لالچ میں ایک گالی بھی نکال دی جو نشر بھی ہوئی۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے ذریعے اس طرح کی نامناسب حرکتیں ، گالیاں اور گفتگو کروڑوں لوگوں تک ٹی وی چینل جو کہ ایک فیملی تفریح ہے کے ذریعے پہنچانا نہایت ہی نامناسب ہے اور بابرکت مہینے کے تقدس اور رمضان المبارک سے متعلق پیمرا کی واضح ہدایات مورخہ 4 مئی 2016 ء کی بھی صریحاً خلاف ورزی اور ناظرین کی دل آزاری کا سبب ہے ۔جیوانٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کے میزبان کی غیر ذمہ دارانہ، غیر پیشہ وارانہ حرکات و گفتگو اور گالی کے نشر ہونے پر پیمرا کو اس کے ٹویٹر اکاؤنٹ اور کمپلینٹس اینڈ کال سینٹر پر متعدد شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جس میں میزبان کے غیر اخلاقی، غیر مہذب اور ذومعنی الفاظ و انداز کے مذہب کی آڑ میں استعمال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔شکایت کنندگان جن میں آرمڈ فورسز کے سرونگ آفیسرز بھی شامل ہیں نے میزبان عامر لیاقت حسین کا پاکستان کے جھنڈے اور پاک فوج کی وردی کو اپنے پرومو میں کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے اور ایک شہید ہوتے ہوئے سولجر کی جانی قربانی کو ڈرامہ نگاری کے ذریعے اپنے پروگرام کی شہرت کیلئے استعمال کرنے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔ پاکستان کا جھنڈا، پاک فوج کے سپاہی کی شہادت اور پاک فوج کی وردی استعمال کر کے پروگرام کو ریٹنگ بڑھانے کیلئے انڈین گانوں پر شرکاء سے رقص کروانے جیسے تضاد پر ناظرین نے شدید احتجاج کیا ہے اور پیمرا کو سینکڑوں شکایات موصول ہو ئی ہیں جس میں عامر لیاقت حسین کے پروگرام میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔