ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) لیجنڈری بولی ووڈ اداکار رجنی کانت کی نئی آنے والی فلم کبالی نے نمائش سے قبل ہی 200 کروڑ کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ رجنی کانت کو بولی ووڈ سمیت ساؤتھ فلم انڈسٹری میں اونچا مقام حاصل ہے ۔ اداکار فنی سفر کے دوران متعدد سپر ہٹ فلموں میں جاندار اداکاری کا مظاہرہ کر چکے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ جیسے ہی ان کی کسی فلم کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آتی ہیں تو انکے مداح بے چینی سے انتظار کرنے لگتے ہیں ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رجنی کانت کی نئی آنے والی فلم کبالی نے ریلیز سے قبل ہی سیٹلائٹ اور ڈسٹری بیوشن کے مالکانہ حقوق کی مد میں 200 کروڑ کمالیے ہیں جس کے بعدوہ ریلیز سے قبل سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن گئی ہے ۔ واضح رہے یہ فلم 160 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی ہے، اوراسے ہندی، چینی، مالے ،تھائی، تامل اور ملیالم میں ریلیز کیا جائے گا۔رجنی کانت کی کبالی رواں سال یکم جولائی کے روز سینما گھروں کی زینت بنے گی۔