اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے روایتی حریف بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان سنگین الزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا، بھارتی نجی ٹی وی’’ژی نیوز‘‘ میں ڈاکٹر عبد القدیر خان پر چوری جیسے سنگین الزامات عائد کر دیئے۔ ’’ژی‘‘ نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایٹم بم بچوں کے کھیلنے کی چیز نہیں ، ڈاکٹر قدیر کی خام خیالی ہے کہ وہ بھارت کو صرف پانچ منٹ میں اڑا سکتے ہیں۔ رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ 18 مئی 1974 ء کو جب بھارت نے پہلی بار ایٹمی دھماکوں کا تجربہ کیا تو اس وقت ڈاکٹر قدیر نیدر لینڈ میں آئی ایس آئی کے ایجنٹ کے روپ میں ایٹم بم بنانے کا فارمولا چرانے میں مصروف تھے۔ ’’ژی نیوز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے سائنسدان کے روپے میں نیدر لینڈ کی لیبارٹری میں سے فارمولا چرایا اور اسے لیکر پاکستان بھاگ آئے، ڈاکٹر قدیر خان کے فارمولے کی وجہ سے پاکستان اب تھوک کے حساب سے ایٹم بم بنا رہا ہے۔ بھارتی ٹی وی نے ڈاکٹر قدیر پر الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر قدیر خان نے دوسرے ملکوں کو ایٹم بم سمگل کرنا شروع کر دیئے اور لیبیا‘ شمالی کوریا اور ایران جیسے ممالک کو ایٹم بم کا فارمولا بیچا۔
نجی ٹی وی نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر قدیر کے چرائے ہوئے فارمولے سے پاکستان شمالی کوریا، ایران اور لیبیا کے ساتھ مل کر پوری دنیا کو تباہ کرنا چاہتا ہے اسی لئے پاکستان دھڑا دھڑ ایٹم بم بنا رہا ہے۔ بھارتی ٹی وی رپورٹ میں پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت نے ایٹم بم چلایا تو پاکستان کا نام و نشان مٹ جائیگا۔ واضح رہے کہ روز اول سے انڈین میڈیا اور حکومت عوامی توجہ حاصل کرنے کیلئے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کرتی آئی ہے، بھارتی نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان پر سنگین الزام تراشی اور بہتان بازی پر پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بھارت کی ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر سنگین الزام تراشی‘ پاکستانیوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں