ممبئی (این این آئی)علی ظفر فلم ’’واک اینڈ ٹاک‘‘ میں پہلی بار بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آئیں گے۔پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے مدمقابل پہلی بار فلم ’’واک اینڈ ٹاک‘‘میں جلوہ گر ہوں گے۔پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھارتی فلم نگری میں فنی کیرئیر کا آغاز2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’تیرے بن لادن‘‘ سے کیا اور خوب شہرت حاصل کی جب کہ اپنے فلمی کیرئیر میں انہوں نے نامور اداکاروں کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں تاہم اب فلم نگری کے سب سے بڑے اداکار کے ساتھ فلم نگری میں جلوہ گر ہوں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ظفر فلم نگری کے کنگ شاہ رخ خان اوراداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ پہلی بار فلم ’’واک اینڈ ٹاک‘‘میں جلوہ گر ہوں گے جس کی ہدایتکاری کے فرائض ہدایتکارہ گوری شندے سر انجام دیں گی جب کہ پاکستانی اداکار فلم میں اہم کردار نبھائیں گے اور کنگ خان ماہر نفسیات کے روپ میں نظر آئیں گے۔ علی ظفر فلم کی شوٹنگ میں حصہ لینے کے لیے جلد ہی بھارت جائیں گے جب کہ فلم رواں برس ہی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی گلوکارعلی ظفر گوندا، رنویر سنگھ ، عمران خان اور کترینہ کیف کے ساتھ فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔