واشنگٹن (اے پی پی) امریکا نے اپنے جاسوس طیارے کے قریب چینی طیاروں کی پروازوں پر چینی حکام سے باضابطہ شکایت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج کی پیسفک کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو چینی جے ٹین جنگی طیارے اور امریکی ایئر فورس کا جاسوس طیارہ آر سی 135 مشرقی بحیرہ چین کی بین الاقوامی فضائی حدود میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب سے گزرے تاہم کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔امریکی پیسیفک کمانڈ نے دعوی کیا ہے کہ چینی جنگی طیاروں نے امریکی جاسوس طیارے کے قریب انتہائی خطرناک پرواز کی جو فلائیٹ سیفٹی کے منافی ہے۔امریکی فوج نے چینی طیاروں کے اقدام کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے چینی حکام سے باضابطہ شکایت کی ہے۔مشرقی بحیرہ چین میں جاسوسی مشن انجام دینے والے زیادہ تر امریکی جہاز جاپان کے جزیرے اوکیناوا کے کادنا فوجی اڈے سے پرواز کرتے ہیں۔