تہران (اے پی پی) ایران اور چین مشترکہ طور پر خصوصی اقتصادی زون قائم کریں گے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں ایران کی وزارت صنعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام رضا سلیمانی نے چین کے تجارتی وفد سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایران چین مشترکہ انڈسٹریل زون کے قیام کا فیصلہ دونوں ملکوں کے وزرائے صنعت و معدنیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کی متعلقہ وزارتوں نے خصوصی انڈسٹریل زون کے قیام کے ابتدائی سمجھوتے پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔ ایران نے چین کو 7 مختلف مقامات پر انڈسٹریل زون کے قیام کی پیشکش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے مشترکہ ورکنگ گروپ نے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات کی تیاری کی غرض سے انڈسٹریل زون کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے پیٹروکیمیکل، فولادسازی اور بلڈنگ میٹریل کی تیاری کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کا بھی امکان موجود ہے۔