تہران (این این آئی)شیطان بزرگ (امریکہ) اور برائی (برطانیہ) اپنے وعدے پورے نہ کرنے کیلئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور شدت پسندی جیسے بہانوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ایران کے رہبر اعلیٰ نے یہ بیان ایران میں انقلاب کے بانی امام خمینی کی برسی کے موقع پر دیا۔انھوں نے اس سے قبل امریکہ پر ایرانی بینکوں کو کمزور کرنے کا الزام لگایا تھا۔ایران اور چھ مغربی ممالک کے درمیان سنگ میل سمجھے جانے والے معاہدے کا مقصد ایران پر سے اس کی جوہری سرگرمیوں کو محدود کرنے کے بدلے میں معاشی پابندیاں اٹھانا تھا تاہم امریکہ نے رواں سال معاہدے کے باوجود بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کے بعد ایرانی کمپنیوں اور افراد پر نئی پابندیاں عائد کر دی تھی۔ایران کا کہنا ہے کہ اس کے میزائل صرف دفاعی استعمال کے لیے ہیں۔ مارچ میں ایران نے مزید تجربات بھی کیے ہیں۔اپنی تقریر میں آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ ان کے خلاف جو ایران کو دھمکانے کی کوشش کرتے ہیں مضبوط، متحد اور انقلابی رہیں۔



























