نئی دہلی(این این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا کو بھارت کی شہریت دے دی گئی ہے۔بالی ووڈ گلوکارہ سلمی آغا کا شمار فلم نگری کے ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو بھی جگایا ہے۔ انہوں نے اداکاری میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’نکاح‘‘ سے کیا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا یہی نہیں اس فلم میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگاکر کئی گیتوں کو ہمیشہ کے لیے امر کردیا ہے جب کہ بھارتی فلم نگری کی خدمات کے اعتراف میں بھارتی حکومت نے پاکستانی نڑاد برطانوی اداکارہ کو اہم انعام دے دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمیٰ آغا نے چند روز قبل بھارتی شہریت کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے بھارتی حکومت نے منظور کرتے ہوئے انہیں بھارتی شہریت دے دی ہے جس کے بعد انہیں اوورسیزسٹیزن آف انڈیا کارڈ جاری کردیا گیا ہے جب کہ بھارتی شہریت انہیں وزیر داخلہ راج نات سنگھ سے ملاقات میں دی گئی جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی گلوکار عدنان سمیع خان کو بھی بھارتی شہریت دی گئی تھی۔