ممبئی(این این آئی) سری لنکن حسینہ اور بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ایکشن فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے فلمی کیرئیر کا آغاز2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’الہ دین‘‘ سے کیا لیکن انہیں شہرت فلم ’’ہاؤس فل 2‘‘ سے حاصل ہوئی جب کہ اپنے فلمی کیرئیر میں کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ’’مرڈر 2‘‘،’’ہاؤس فل 2‘‘،’’کک‘‘ اور’’برادر‘‘ شامل ہیں تاہم اب اداکارہ نے ایکشن فلموں میں اداکاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔جیکولین فرنینڈس کا کہنا تھا کہ ایکشن فلمیں شوق سے دیکھتی ہوں اور ایکشن فلموں’’اسٹار وارز اورچارلس اینجلز‘‘کی مداح ہوں جب کہ ایکشن فلموں میں کام کرنے کی خواہشمند ہوں اسی لیے اگر فلموں کی پیشکش کی گئی توفوری قبول کرلوں گی۔واضح رہے کہ اداکارہ جیکو لین فرنینڈس اپنی نئی آنے والی فلم ’’ہاؤس فل3‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل اکشے کمار، ابھیشیک بچن اور رتیش دیش مکھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔