ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ کاجول نے کہا کہ ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ دونوں انڈسٹریز میں مردوں کی اجارہ داری ہے۔بالی ووڈ میں طویل عرصے سے اداکاراؤں کے اداکاروں سے کم معاوضے پر بحث جاری ہے جس پر کئی اداکاراؤں نے لب کشائی کی ہے جس میں اداکارہ سونم کپور، پریانکا چوپڑا اور دبنگ گرل سوناکشی سنہا شامل ہیں تاہم اب اداکارہ کاجول بھی میدان میں آگئی ہیں۔اداکارہ کاجول کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ ان دونوں انڈسٹریز میں مَردوں کی اجارہ داری ہے لیکن اگر یہ کسی بھی کاروبار کی طرح ایک بزنس ہے تو اسے مالی لحاظ سے بہت حد تک موافق ہونا چاہیے اور اس میں ہر ایک کے لیے پرکشش معاوضہ ہونا چاہیے جیسا کہ دیگر کاروباری امور میں ہوتا ہے۔