ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے مشیر محکمہ دفاع جنرل احمد عسیری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے جنگی طیارے اور فوج ترکی بھیج دی جس کا مقصد شدت پسند تنظیم داعش کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ترکی میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف محاذ جنگ میں اپنی فضائی فوج اور طیارے شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی طور پر ترکی کے انجینئر لیک فوجی اڈے پر جنگی طیارے اور فضائیہ کے جوان بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سعودی محکمہ دفاع کے مشیر جنرل احمد عسیری کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب عالمی اتحاد کا اہم اور بہترین حصہ ہے، ہم شام میں داعش کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کیلئے تیارہیں اوراسی مقصد کے لئے اپنی فوج ترکی بھجوائی۔احمد عسیری نے بتایا کہ سعودی فوج میں بری فوج کے دستے شامل نہیں اور ابتدائی طورپر جنگی طیارے اور سعودی فضائیہ کے جوان بھیجے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام میں داعش کے اہم ٹھکانوں اور بالخصوص الرقہ شہر میں قائم دہشت گردوں کے بیس کیمپ کو نشانہ بنایا جائے گا۔ مشیر محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ شام میں داعش کے خلاف کارروائیوں میں سعودی عرب اور ترکی پہلے سے ہی اتحادی افواج کا حصہ ہیں، ہمارا مقصد عالمی اتحاد سے ذرا مختلف انداز میں داعش کے ٹھکانوں اور مخصوص اہداف کو نشانہ بنانا ہے