نئی دہلی(نیوز ڈیسک)ہندوستانی ایئر فورس کا دعویٰ ہے کہ اس کے ایک لڑاکا طیارے نے ریاست راجھستان میں ایک ‘غبارے جیسی مشکوک چیز’ کو مار گرایا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز ہندوستانی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایئرفورس کے ایک جنگی طیارے نے راجھستان میں پاکستان کی سرحد کے قریب واقع علاقے بارمر میں گڈگی کے مقام پر 5 بم گرائے، تاہم اس بمباری سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ بم ‘حادثاتی’ طور پر اس علاقے میں گرے، جن کی آوازیں 10 کلومیٹر دور تک سنی گئیں۔تاہم ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ایئرفورس حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک چیز مغربی سیکٹر(یعنی پاکستان) کی طرف سے اڑتی ہوئی نظر آئی جسے منگل کی صبح سخوئی 30 ایم کے آئی جنگی طیارے نے مار گرایا۔جے پور میں ہندوستان ایئرفورس کے ایک ترجمان نے بتایا، ‘منگل کو صبح ساڑھے 10 سے 11 بجے کے درمیان ایک نامعلوم غبارے جیسی چیز ایئرفورس کے ریڈار سسٹم پر نظر آئی، جس کے بعد ایئرفورس کے جنگی طیارے نے اس ‘مشکوک چیز’ کو مار گرایا، جبکہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور نہ ہی علاقے میں املاک کو نقصان پہنچا.یہ واقعہ راجستھان کے دارالحکومت جے پور سے تقریباً 500 کلومیٹر دور بارمر کے علاقے میں پیش آیا جہاں کے رہائشیوں نے آسمان سے کچھ دھاتی ٹکڑوں کے گرنے کی اطلاع دی.پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس پی جسارام بوس کی سربراہی میں دھاتی ٹکڑوں کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ مذکورہ دھات کے ٹکڑے ہندوستان ایئرفورس کے حوالے کردیئے گئے.خیال رہے کہ یہ واقعہ 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پیش آیا تھا اور اس سلسلے میں ملک بھر میں انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔