لندن(نیوز ڈیسک)لندن 7 جولائی بم دھماکوں کے 10سال مکمل ہونے پر اسی طرح کے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے میاں بیوی پر جرم ثابت ہوگیا، سزا اسی ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق 25 سالہ محمد رحمان اور اس کی 24 سالہ بیوی ثنا احمد خان پر الزام تھا کہ انہوں نے لندن میں 7جولائی بم دھماکوں کے 10سال مکمل ہونے کے موقع پر اسی طرز کے حملوں کی نہ صرف منصوبہ بندی کی تھی بلکہ اپنے گھر کے لان میں اس حوالے سے بم ٹیسٹ بھی کیے تھے اور اس سارے عمل کی ریکارڈنگ بھی کی تھی۔پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر یا پھر لندن انڈرگراﺅنڈ ریلوے پر بم حملے کرنا چاہتے تھے تاہم جب رحمان نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر اس حوالے سے مشورہ مانگا کہ کون سی جگہ دھماکوں کے لیے موزوں رہے گی؟ تو پولیس کے کان کھڑے ہوئے اور اس کے گھر پر چھاپا مار کر میاں بیوی کو گرفتار کیا گیا ۔