سری نگر (نیو ز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے عزاداروں کے جلوسوں پر دھاوا بول کر 40 افراد کو زخمی جبکہ سید علی گیلانی سمیت سیکڑوں کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سری نگر کے علاقوں شہید گنج اور بٹہ مالو سے جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے رہنماو¿ں سید مظفر رضوی اور سید یوسف رضوی کی قیادت میں نکلنے والے محرم الحرام کے جلوسوں پر دھاوا بول کر40 افراد کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے سید مظفر رضوی اور سید یوسف رضوی سمیت سیکڑوں عزا داروں کو گرفتار کر کے شہید گنج، کاکہ سرائے اور دیگر تھانوں میں نظر بند کر دیا۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں وکشمیر اتحاد مسلمین کے سرپرست مولانا عباس انصار ی اور چیئرمین مسرور عباس انصاری کو محرم الحرام کو جلوسوں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں میں مسلسل نظر بند کر رکھا ہے۔ بھارتی فورسز نے تحریک وحدت اسلامی کی طرف سے بٹہ مالو سے نکالے جانے والے ایک ماتمی جلوس کوبھی سیکرٹریٹ کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نثار حسین راتھر اورسید امتیاز حیدرسمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔