اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کی تمام حکومتی کوششیں ناکام ثابت ہو گئیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کے نرخوں میں فی کلو 10 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ملک کے بعض شہروں میں چینی 210 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پشاور وہ شہر بن گیا ہے جہاں چینی سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ وہاں ایک ہفتے کے دوران فی کلو چینی کی قیمت 10 روپے بڑھ گئی اور اب شہری 210 روپے فی کلو کے حساب سے چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 3 روپے 77 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان اور بنوں میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کراچی میں یہ 195 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اس وقت ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے ہے، جو گزشتہ ہفتے کے 185 روپے 4 پیسے کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت صرف 134 روپے 8 پیسے تھی، یعنی ایک سال میں فی کلو چینی تقریباً 54 روپے مہنگی ہو چکی ہے۔















































