اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ تجارت نے سمری تیار کر کے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
وزارتِ تجارت کے ذرائع کے مطابق رواں سال مئی 2025 میں سونے کی درآمد اور برآمد دونوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا تھا جب حکام کو سونے کی ممکنہ اسمگلنگ کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران سونے کی غیر قانونی نقل و حمل سے متعلق کوئی نئی شکایت سامنے نہیں آئی، جس کے بعد حکومت نے پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی سی کی منظوری کے بعد ملک میں سونے کی قانونی تجارت دوبارہ شروع ہو جائے گی، جس سے نہ صرف زیورات سازی کی صنعت کو سہولت ملے گی بلکہ قیمتی دھاتوں کے قانونی کاروبار کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔