اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے انسانیت کی خدمت میں پیش پیش افراد کے لیے ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے وقف عطیہ دہندگان کو “گولڈن ویزا” دینے کا اعلان کیا ہے۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA-Dubai) اور اوقاف و امور نابالغاں فاؤنڈیشن (اوقاف دبئی) کے درمیان اس مقصد کے لیے ایک باہمی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔ یہ معاہدہ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ GITEX GLOBAL 2025 کے دوران دستخط کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد انسانی فلاح و بہبود میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی اور سماجی ترقی کے عمل کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں GDRFA دبئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری اور اوقاف دبئی کے سیکرٹری جنرل علی محمد المطاوٰی سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل المری کے مطابق یہ شراکت دبئی حکومت کے اس وژن کی عکاس ہے جس کے تحت کمیونٹی اور حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو عزت و احترام دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ سرکاری و سماجی اداروں کے انضمام کی ایک مثال ہے، جو معاشرے کے فلاحی کردار ادا کرنے والے افراد کو مزید بااختیار بنائے گا اور دبئی کے انسانی ہمدردی کے مشن کو آگے بڑھائے گا۔