لندن(نیوز ڈیسک)موبائل فون پر انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران زیادہ تر افراد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مصروف ہوتے ہیں جن میں سب سے زیادہ فیس بک کو استعمال کیا جاتا ہے لیکن اب آئی فون پر اس ویب سائٹ کو استعمال کرنے والے افراد کی جانب سے شکایات سامنے آرہی ہیں کہ آئی فون پر فیس بک صارفین کا ڈیٹا چوری کر رہی ہے جس سے فون کی بیٹری تیزی سے ختم ہوجاتی ہے۔ایک سروے کے مطابق آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کی اکثریت اس بات سے پریشان ہے کہ جب وہ اپنے فون پر فیس بک کا استعمال شروع کرتے ہیں تو فون کی بیٹری تیزی سے ختم ہونے لگتی ہے بلکہ جب فیس بک نہ بھی کھولی جائے پھر بھی بیٹری ختم ہونے لگتی ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ وہ صرف 40 منٹ فیس بک ایپ کا استعمال کرتا ہے تو فون کی بیٹری 20 فیصد تک ختم ہوجاتی ہے جب کہ کچھ صارفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیٹری کے چارجنگ کا اس طرح تیزی سے ختم ہوجانے کا ایک سبب فیس بک کی جانب سے صارفین کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کرنا ہے یعنی فیس بک لوکیشن ٹریک کر کے صارف کی پرائیویٹ معلومات حاصل کر رہی ہے۔ایک آئی او ایس ڈیویلپر کا اس مشکل کا تجزیہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب فیس بک بند ہوتی ہے تب بھی پس پردہ ایپ کی جانب سے کچھ سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جس کی وجہ سے فیس بک بند ہونے کے باوجود بیٹری تیزی سے ختم ہونے لگتی ہے۔ فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ شکایت موصول ہوئی ہیں اور وہ اس کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم پس پردہ صارفین کا ڈیٹا ٹریک کرنے کی خبر غلط ہے اور ایسی کوئی سرگرمی نہیں کی جارہی ہے۔