کراچی (نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل سندھ غلام نبی میمن نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے والوں پر بھاری چالان عائد کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق موٹر سائیکل پر 20 ہزار، کار پر 30 ہزار اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
آئی جی سندھ نے یہ بات کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی، جہاں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ بھی شریک تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے حوالے سے پولیس کے مطالبات منظور کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی تجویز دی گئی تھی، لیکن صوبائی حکومت نے اسے کم کرتے ہوئے موجودہ جرمانوں کی منظوری دی ہے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ عام تاثر یہ ہے کہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد ٹریفک کنٹرول آسان ہوگیا ہے، لیکن اصل مسئلہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے نظام میں ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق کراچی کے بیشتر ڈرائیور ٹریفک اصولوں پر پورا نہیں اترتے، اس لیے جب تک لائسنس کے معیار کو بہتر نہیں بنایا جاتا، ٹریفک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔