اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے دی، وزارت تجارت نے گاڑیوں کی کمرشل درآمدات کی اجازت کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں درکار ضروری ترامیم کردی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمدات کی اجازت ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کی سخت تعمیل سے مشروط ہوگی۔
وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گذشتہ ہفتے 24 ستمبر کو استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی منظوری دی تھی۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق سمری پر غور کیا اور تفصیلی بحث کے بعد تجاویز کی منظوری دی تھی۔ای سی سی نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 کی متعلقہ شقوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا تاکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی جا سکے۔
ابتدائی طور پر صرف 5 سال سے پرانی نہ ہونے والی گاڑیوں کو 30 جون 2026 تک درآمد کرنے کی اجازت ہوگی، جس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔ای سی سی کے فیصلے کے مطابق 5 سال سے کم عمر استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجود کسٹمز ڈیوٹیز کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگی۔یہ اضافی ڈیوٹی 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی جس کے بعد یہ ڈیوٹی ہر سال 10 فیصد کم کی جائے گی اور 2029ـ30 تک مکمل طور پرختم ہو جائے گی۔