اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے ٹورنٹو کے لیے اپنی تمام پروازیں 13 سے 27 ستمبر تک عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے اس روٹ پر دو بوئنگ 777 ایل آر طیارے استعمال کرتی تھی، تاہم ایک جہاز لینڈنگ گیئر میں تکنیکی خرابی کے باعث پہلے ہی گراؤنڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ دوسرے کو مینٹیننس کے دوران غیر معیاری جیکس کے استعمال کی رپورٹ بوئنگ کمپنی کو بھیجے جانے کے بعد پروازوں کے لیے روک دیا گیا۔پی آئی اے کی جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے تحت لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے چلنے والی 13 دوطرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
عام طور پر ایئرلائن ہفتہ وار ٹورنٹو کے لیے لاہور سے دو، جبکہ کراچی اور اسلام آباد سے ایک ایک پرواز چلاتی ہے۔دوسری جانب انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین گزشتہ تین ہفتوں سے دس سال سے رکی ہوئی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انجینئرز نے باضابطہ طور پر “گو بائی بک” پالیسی اپناتے ہوئے طیاروں کی دیکھ بھال صرف مینٹیننس بک میں درج ہدایات کے مطابق کرنی شروع کر دی ہے، جس سے کام کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔ فاضل پرزوں کی کمی نے بھی صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق خدشہ ہے کہ 27 ستمبر کے بعد بھی ٹورنٹو کے لیے پروازوں کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔پروازوں کی معطلی سے ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔ کراچی کے ایک مسافر نے بتایا کہ اس کی 16 ستمبر کی ٹکٹ اب 7 اکتوبر پر منتقل کر دی گئی ہے، جس کے باعث وہ وقت پر اپنی ملازمت پر نہیں پہنچ سکے گا۔ اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 کا وقت صرف دو دن میں چار مرتبہ تبدیل ہوا اور اب یہ ہفتے کی صبح 8 بجے روانہ ہوگی۔اس وقت پی آئی اے کے 12 بوئنگ 777 میں سے صرف تین اور 12 ائیربس اے 320 میں سے صرف آٹھ طیارے پرواز کے قابل ہیں، جس کی وجہ سے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔اس سلسلے میں پی آئی اے کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تاہم کوئی موقف فراہم نہیں کیا گیا۔