کراچی(این این آئی) 60 لاکھ روپے کے جعلی کرنسی نوٹ کراچی سپلائی کرنے والے ملزم کے سنسنی خیز انکشافات آگئے ، جس میں بتایا جعلی کرنسی کیسے پہنچائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے جعلی کرنسی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جو لاکھوں روپے کے جعلی نوٹ شہر میں پہنچانے کی کوشش کررہا تھا۔گڈاپ پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزم کی شناخت اسفند کے نام سے ہوئی ہے، جس نے دورانِ تفتیش سنسنی خیز انکشافات کیے۔
ملزم نے بتایا کہ وہ پشاور سے کراچی جعلی کرنسی پہنچانے آیا تھا، اس بار وہ 60 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ سپلائی کرنے نکلا تھا۔ملزم کا کہنا تھا کہ درہ سے ایک لاکھ روپے کے جعلی نوٹوں کا پیکٹ 16 سے 17 ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے جبکہ ایک پیکٹ کی ترسیل پر اسے 2 ہزار روپے کمیشن ملتا ہے۔اس نے مزید بتایا کہ وہ مہینے میں ایک بار کراچی آتا ہے اور یہاں ڈیلر کے پاس کوریئر کا کام کرتا ہے۔گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ جعلی نوٹ کراچی اور ملتان میں بڑے پیمانے پر سپلائی کیے جاتے ہیں جبکہ کراچی میں شاہد نامی ڈیلر جعلی کرنسی بابا نامی شخص تک پہنچاتا ہے۔اسفند نے یہ بھی بتایا کہ 60 لاکھ روپے کی ترسیل کے عوض اسے ایک لاکھ روپے اصل ملنے تھے۔پولیس کے مطابق ملزم کو تین روز قبل گڈاپ ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا تھا، اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں جعلی کرنسی برآمد کرلی گئی ہے تاہم گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔