اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر صحافی اور اینکر ندیم ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ایک معروف سیاسی خاندان کے کسی فرد نے کرپٹو کرنسی میں 100 ملین ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے۔ اس معاملے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی رائے دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ایسی اطلاعات سنی ہیں کہ کئی ملین ڈالر ڈوب چکے ہیں، تاہم ان کے مطابق کرپٹو میں نقصان ہی نہیں ہوا بلکہ کچھ افراد نے خاصا منافع بھی کمایا ہے۔اس معاملے پر سابق مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ:”نقصان ضرور ہوا ہے، لیکن پیسے کسی اور کے تھے — وہ بھی دبئی میں۔ سنا ہے وہ نوجوان اب دبئی نہیں جا سکتا اور پاکستان میں اپنے والد کے کہنے پر ہاؤسنگ سیکٹر میں قسمت آزما رہا ہے۔ کل ہی وہ ایک بے سہارا خاتون کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہا تھا، جبکہ دبئی میں لوگ اس کے منتظر ہیں۔ آگے آپ سب خود سمجھ دار ہیں۔”مرزا شہزاد اکبر کے اس مبہم بیان کو سوشل میڈیا پر کافی توجہ مل رہی ہے اور صارفین اندازے لگا رہے ہیں کہ ان کا اشارہ کن شخصیات کی طرف ہے۔