اسلام آباد (نیوز ڈیسک)جنوبی ایشیا کا خوبصورت جزیرہ ملک سری لنکا، جو اپنی قدرتی دلکشی اور منفرد کھانوں کی بدولت دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سمیت 40 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا داخلے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ، وجیتھا ہیراتھ، نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے سیاحت کو تقویت دینے اور ملکی معیشت کی بحالی کو مستحکم رکھنے کے لیے سیاحتی ویزا سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی ہے۔
اس فیصلے کے تحت سیاحتی ویزا فری ممالک کی فہرست کو سات سے بڑھا کر چالیس کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ مارچ 2023 سے چین، بھارت، انڈونیشیا، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور جاپان کے شہریوں کو ویزا فری سیاحت کی سہولت حاصل تھی، لیکن اب اس فہرست میں پاکستان، ایران، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا جیسے ممالک کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔اگرچہ حکومتی اندازوں کے مطابق اس پالیسی کے باعث سالانہ تقریباً 66 ملین ڈالر کی آمدن میں کمی ہو سکتی ہے، تاہم وزیر خارجہ کا ماننا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد معیشت کے لیے طویل المدتی فوائد لے کر آئے گی، جو اس مالی نقصان سے کہیں زیادہ ہوں گے۔وجیتھا ہیراتھ نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کو اب استحکام حاصل ہو چکا ہے، اور ہم سیاحتی پالیسیوں میں تبدیلی کے ذریعے بین الاقوامی سیاحوں کی مسلسل آمد کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔