لندن (نیوزڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے عیدالاضحی کی نماز وسطی لندن میں اسلامک کلچرل سنٹرکی مرکزی مسجد میں ادا کی۔ اسلامک کلچرل سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد الدبایان نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھی۔ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گھل مل گئے اور انہوں نے پاکستان اور مسلم امہ کے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ نماز عید کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے تارکین وطن کو عید کی مبارکباد دی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے قوم کو بھی دلی عید مبارک دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں