اسلام آباد(این این آئی)پاکستانی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے سمندر پار پاکستانیوں کا ڈیٹا حکومت نے حاصل کرلیا۔ذرائع کے مطابق امریکا،کینیڈا، برطانیہ میں مقیم 500اوور سیز پاکستانیوں کی فہرست تیارکرلی گئی ہے،ان کے خلاف مناسب وقت پر کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔9مئی کے بعدکئی پاکستانی برطانیہ اور دیگر ممالک فرار ہوئے تاہم برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی ایسی کسی فہرست کا وجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 9مئی کے واقعات کی تحقیقات کو تارکین وطن پاکستانیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا اسی سلسلے میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث 500سے زائد اوور سیز پاکستانیوں کی شناخت بھی کرلی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی کال ریکارڈ، سوشل میڈیا سرگرمی، ٹریول ہسٹری، مالیاتی لین دین، امیگریشن اسٹیٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔