اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کرنے والی سول جج کی اہلیہ کو پولیس ڈھونڈتی رہ گئی، جج کی اہلیہ کو لاہور ہائیکورٹ سے یکم اگست تک حفاظتی ضمانت مل گئی۔ملازمہ بچی پر تشدد کے کیس میں سول جج کی اہلیہ کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے، ملزمہ کی تلاش میں اسلام آباد پولیس نے جج کے آبائی گاؤں میں بھی گھر پر چھاپہ مارا، ملزمہ خود بھی اب تک شامل تفتیش نہیں ہوئی۔
اسلام آباد پولیس ترجمان نے کہا کہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے گوجرانوالہ، لاہور اور راولپنڈی میں چھاپے مارے گئے ہیں، بچی کے والدین سے تفتیش کیلئے پولیس لاہور روانہ ہوئی۔تشدد کی شکار بچی کا لاہور کے جنرل اسپتال میں علاج جاری ہے، میڈیکل بورڈ میں پلاسٹک سرجری کا ڈاکٹر بھی شامل کرلیا گیا، بچی کی حالت میں معمولی بہتری آئی ہے۔