لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقہ میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام ہو گئی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات لے کر اڑنے والا ڈرون کاہنہ کے علاقہ میں گر گیا جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ۔ پولیس کے مطابق منشیات سے لدا ڈرون گرنے کا واقعہ رسول پورہ گائوں ہلوکی کاہنہ میں پیش آیا، ڈرون کا سائز معمول سے بڑا ہے جو کہ روزدار نامی زمیندار کی زمین پر گرا ہے۔ڈرون کے ساتھ بندھی کروڑوں روپے مالیت کی 6کلو ہیروئن برآمد ہوئی جسے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات سے بھرا ڈرون کہاں سے آپریٹ ہوا اور کہاں جا رہا تھا اس کی تحقیقات جاری ہیں۔