لندن (پی اے) برطانیہ میں مارگیج کے لئے قرض دینے والے سب سے بڑے اداری ہیلی نیک کے مطابق برطانیہ میں پراپرٹی کی قیمت میں گذشتہ 11 سال کے مقابلے میں پہلی بڑی کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔
ہیلی نیک کا کہنا ہے کہ مئی کے دوران مکانوں کی قیمت گذشتہ سال کے مقابلے میں 3ہزار پونڈ کم ہوگئی ۔ حالیہ ہفتوں کے دوران مارگیج کی شرح میں تیزی سے ہونے والے اضافے کے سبب مکانوں کی خریداری میں دلچسپی کم ہورہی ہے اور اس سے ہاؤسنگ کی مارکیٹ پر اعتماد متزلزل ہوا ہے اور خریدار اور فروخت کرنےوالے دونوں پر اپنی توقعات کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے مکانوں کی طلب میں کمی پیدا ہوئی ہے اور اب مکانوں کی اوسط قیمت 2لاکھ 86 ہزار 537پونڈ تک آگئی ہے ۔ویلز کے علاوہ جنوبی انگلینڈ میں مکانوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ مارگیج کےلئے قرض دینے والےادارے نیشن وائیڈ کا کہنا ہے کہ مکانوں کی قیمتوں میں مئی تک 3.4فی صد تک کمی ریکارڈ کی گئی تھی جوکہ گذشتہ 14سال کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے اگرچہ اس سے پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوںکو فائدہ اٹھانا چاہیئے تھا لیکن مارگیج کی شرح میں اضافے نے ان کی قوت خرید کم کردی ہے ۔