اسلام آباد(نیوزڈیسک)انتخاب نہیں دنگل،عمران خان کے بیان پر ن لیگ کا جوابی وار،سیاسی حلقے حیران،وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ انتخاب کرانے کی بھی ضرورت نہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتخابی عمل کی جگہ انارکی چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر عمران خان ضابطہ اخلاق کی پابندی نہیں کریں گے تو انتخاب نہیں دنگل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف اپنے لئے سہولت اور مخالف کے ہاتھ باندھنا چاہتے ہیں تو پھر انتخاب کرانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ عمران خان نے کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی انتخابی مہم چلائی لیکن کبھی وزیراعظم اور وزراءنے شرکت نہیں کی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بجٹ سیشن کے دوران کسان پیکج دینے کا وعدہ کیا تھا۔ وزیراعظم بات کرنے سے پہلے اپنا ہوم ورک کرتے ہیں۔ کسان پیکج پر تیاری کی جا رہی تھی۔ وزیراعظم کا کسان پیکج پورے پاکستان کے کسانوں کے لئے ہے۔ بنی گالا میں اگر کوئی کاشت کاری ہوتی ہے تواس کے لئے بھی ہے۔