ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی وزارت نے مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے میں 1064 مساجد کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے جن میں رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی راتوں میں نمازیوں کو ٹھہرایا جا ئے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سال 1444 ہجری میں معمترین
اور نمازیوں کی غیر معمولی طور پر بڑی تعداد نے مکہ مکرمہ میں مسجد حرام کا رخ کرلیا ہے۔ اسی کے باعث غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے مختلف شعبے بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔مکہ مکرمہ کے علاقے میں وزارت کی شاخ مساجد کی ضروریات کو پورا کر رہی ہے اور بڑی تعداد میں نمازیوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مساجد کو تیار کیا جارہا ہے تاکہ وہ اپنی نماز پوری عقیدت اور پورے سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔ اور ان کو ہر طرح کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔یہ برانچ مساجد کے اطراف کے صحنوں کو کھولنے اور انہیں تمام خدمات کے لیے تیار کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ سینکڑوں رضاکاروں کی شرکت سے مساجد اور ان کے زائرین کی دیکھ بھال کرنے اور روزے داروں کو سحری اور افطاری فراہم کرنے کے لیے مواقع شروع کیے جا رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف میں بیٹھنے والے ضیوف الرحمن کی بھی تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر خدمت کی جارہی ہے۔