اسلام آباد (این این آئی)پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے عدالتی فیصلہ نہیں مانا تو ان کا حال یوسف رضا گیلانی جیسا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے دبائو ڈالا، دھمکیاں دیں، اعلی عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، عمران خان نے کہا ہے مریم نواز ان کی ٹیم کی 12ویں کھلاڑی ہیں، مریم نواز اپنے بیانات سے اپنی جماعت کیلئے مشکلات پیدا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا، سازشی قوتوں کو زندہ درگور کردیا، نظریہ ضرورت کے پیروکاروں کو شکست ہوگئی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک میں آئینی اور غیر آئینی قوتوں کے درمیان لکیر واضح ہوگئی ہے، وہ عمران خان کے نمایندے کی حیثیت سے شفافت انتخابات کیلئے سب کو بات چیت کی دعوت دیتے ہیں۔



















































