اسلام آباد (این این آئی)حکومت پی ٹی آئی کو اسمبلی سے باہر رکھنے کے لئے ڈٹ گئی ، تحریک انصاف کے مزید استعفوں کی منظوری کا عمل آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق استعفوں کی منظوری پر کام جاری ہے،اب تک شیخ رشید اور تحریک انصاف کے اسی استعفے منظور ہو چکے ہیں۔
تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کی حکمت عملی ، حکومت پی ٹی آئی ارکان کی واپسی روکنے کیلئے ڈٹ گئی۔ قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مزید اراکین کے استعفوں کی منظوری پر کام جاری ہے۔اس وقت تحریک انصاف کے بیس سے زائد منحرف ارکان سمیت مجموعی تعداد 74 ہے جن میں سے 46 اراکین کے استعفے منظوری کے مراحل میں ہیں۔ پی ٹی آئی اراکین میں غلام بی بی بھروانہ، طالب نکئی، غلام محمد لالی اور محمد میاں سومرو نے استعفیٰ دیا نہ ایوان میں آئے جبکہ ناصر موسی زئی نے بھی اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ، ناصر موسیٰ زئی پہلے ہی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرکے جے یوآئی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں، عمران خان سمیت چار اراکین نے ابھی تک ضمنی انتخابات میں کامیابی کے باوجود حلف نہیں اٹھایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سات نشستوں سے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے مگر ان کی ایک نشست ہی کاؤنٹ کی گئی ہے،وہ قانونی طور پر ایک ہی نشست رکھ سکتے ہیں۔