ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ٹیم کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز سے باہر ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بمرا آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے دوران بائیں ہاتھ کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے جس کے باعث وہ دوسرا ٹی ٹونٹی بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 3
جولائی سے شروع ہو گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بمرا کے ہاتھ کا سکین کیا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد ہی ان کی انجری کی نوعیت کے بارے معلوم ہو سکے گا لیکن وہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے تاہم امکان ہے کہ وہ ون ڈے سیریز سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے اور ون ڈے سیریز میں شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی۔