لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپینز ٹرافی کا فاتح بنے آج ایک سال مکمل ہو گیا، گزشتہ 18 جون 2017ءکو پاکستان نے چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں 180 رنز سے شکست دے کر بھارتیوں کا غرور خاک میں ملایا تھا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے جس میں فخر زمان کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔ اظہر علی، بابر اعظم اور محمد حفیظ نے بھی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے گرا?نڈ کے چاروں طرف سٹروک کھیلے اور بھارت کو پہاڑ جیسا
ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔بڑی بڑی باتیں کرنے والے بھارتی کھلاڑی اتنا بڑا ہدف دیکھ کر ہی گھبرا گئے اور بھارتی بیٹنگ لائن محمد عامر، حسن علی اور شاداب خان کی طوفانی باولنگ کا سامنا نہ کر سکی۔ محمد عامر نے روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے بڑے ناموں کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر شیکھر دھون کو بھی قابو کیا۔ ہردیک پانڈیا واحد بھارتی کھلاڑی تھے جنہوں نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہ سکے اور پوری بھارتی ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔