کراچی(آئی این پی)پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ حاصل کرنیوالے گرینڈ ماسٹر اشرف طائی نے 34سال بعد میچ فکسنگ کا اعتراف کرلیا۔میچ فکسنگ کا اعتراف کرتے ہوئے اشرف طائی نے کہا ہے کہ جرمن فائٹر سے میچ ہارنے کے 5 لاکھ ڈالر وصول کیے۔ اپنے ایک انٹرویو میں گرینڈ ماسٹر اشرف طائی نے کہا کہ 34 برس پہلے جرمن فائٹر سے ہونے والی ان کی فائٹ فکس تھی۔
اس فائٹ سے قبل انھیں میچ ہارنے پر 5 لاکھ ڈالر کی پیشکش ہوئی۔فائٹ سے پہلے انھیں کہا گیاکہ مقابلے میں زیادہ جوابی وار کرنے کی ضرورت نہیں۔اشرف طائی نے بتایاکہ اگر وہ میچ جیت جاتے تو انھیں ایک لاکھ ڈالر ملتے مگر انھوں نے جان بوجھ کر میچ ہارا۔ اشرف طائی نے مزید بتایاکہ یہ میچ فائنل راؤنڈ کا حصہ نہیں تھا۔ انھوں نے کہاکہ پیسہ لیکرمیچ ہارنے پرانھیں کوئی افسوس یا شرمندگی نہیں واضح رہے کہ ان مقابلوں میں اشرف طائی پاکستان کی نمائندگی کررہے تھے۔ اشرف طائی کو مارشل آرٹس میں خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی بھی دیا گیاہے۔