جب نبی کریمﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو یمن بھیجنے کا ارادہ فرمایا تو چند صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے مشورہ لیا، جن میں حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی شامل تھے۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ اگر آپ ہم سے مشورہ نہ لیتے تو ہم نہ بولتے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا! میں ان امور میں جن کے متعلق میری طرف
وحی نہ کی گئی ہو، تمہاری طرح ہوں، چنانچہ سب لوگوں نے اپنی اپنی رائے دی۔ رسول کریمﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا، اے معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ! تمہاری کیا رائے ہے؟ حضرت معاذ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ میری رائے وہی ہے جو حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی رائے ہے۔ اس پر سرکار دوعالمﷺ نے فرمایا بیشک یہ بات اللہ تعالیٰ کو آسمان کے اوپر ناپسند ہے کہ ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ غلطی کا ارتکاب کریں۔