علم کا میدان اور علماء کی مجلس سجی ہوئی تھی کہ امام شعبی رحمتہ اللہ علیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے دریافت کیا کہ لوگوں میں سب سے پہلے کس نے اسلام قبول کیا؟ حضرت ابن عباسی رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کیا آپ نے حسان بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یہ اشعار نہیں سنے۔’’جب تم رنج کی وجہ سے کسی بھائی کا ذکر کرو تو اپنے بھائی ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے کارناموں کو یاد کرو۔
ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبیﷺ کے بعد ساری مخلوق میں سب سے اچھے، سب سے زیادہ پرہیزگار اورعدل کرنے والے ہیں اور سب سے زیادہ وعدہ پورا کرنے والے ہیں، قرآن میں ان کو ثانی اثنین کہا گیا اور ان کی حاضری کی تعریف کی گئی اور وہ پہلے انسان ہیں جنہوں نے رسولوں کی تصدیق کی‘‘۔امام شعبی رحمتہ اللہ علیہ کہنے لگے، آپ نے سچ فرمایا آپ نے سچ فرمایا۔