حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما انتہائی تواضع و انکساری کے ساتھ حضور اقدسﷺ کی مجلس مبارک میں بیٹھے ہوئے تھے اور آنحضورﷺ کی باتیں ہمہ تن گوش ہو کر سن رہے تھے کہ رسول اللہﷺ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا تم وتر کب پڑھتے ہو؟ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نہایت ادب کے ساتھ جواب دیا، میں رات کے اول حصہ ہی میں وتر پڑھتا ہوں، پھر حضور
اکرمﷺ نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف نظر التفات فرمائی اور ان سے بھی یہی پوچھا تم کب وتر پڑھتے ہو؟ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا میں رات کے آخری حصہ میں وتر پڑھتا ہوں، اس پر آنحضرتﷺ نے ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا! تم نے احتیاط پر عمل کیا اور انہوں نے (مراد حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہ) قوت پر عمل کیا۔