حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، مسطح بن اثاثہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر آپس کی قرابت داری کی وجہ سے خرچ کیا کرتے تھے لیکن جب مسطح رضی اللہ تعالیٰ عنہ واقعہ افک میں شور مچانے والوں کے ساتھ شامل ہو گئے تھے اور ان کی زبان سے کچھ ایسی باتیں نکل گئیں
جس سے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو تکلیف پہنچی اور پھر اللہ جل شانہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی برأت قرآن میں نازل فرما دی تو حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا خدا کی قسم! اب میں مسطح پر کبھی کچھ خرچ نہیں کروں گا کیونکہ اس نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے متعلق ایسی باتیں کہیں اس پر یہ سورہ النور کی 22نمبر آیت کریمہ نازل ہوئی۔ ترجمہ ’’اور جو لوگ تم میں سے وسعت والے ہیں اور وہ اہل قرابت کو اور مساکین کو، اور اللہ کی راہ میں ہجرت کرنے والوں کو دینے سے قسم نہ کھا بیٹھیں اور چاہئے کہ یہ معاف کر دیں اور درگزر کریں کیا تم یہ نہیں چاہتے کہ اللہ تعالیٰ تمہارے قصور معاف کر دے، بیشک اللہ تعالیٰ بخشنے والے بڑے مہربان ہیں‘‘۔حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرمانے لگے کیوں نہیں! خدا کی قسم! میں یہ چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری بخشش فرما دے۔ اس کے بعد مسطح رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہ وہ اخراجات جو پہلے دیتے تھے دینے لگے اور فرمایا خدا کی قسم! میں اب یہ اخراجات ان سے کبھی نہ روکوں گا۔