معروف کالم نگار اور اینکرپرسن جاوید چوہدری نے بتایا کہ مجھے ایک بار مغربی سکالر نے کہا تھا۔” ہمیں کچھ سمجھ نہیں آتی ایک مسلمان مغرب میں پیدا ہوتا ہے ‘ اس کا سارا لائف سٹائل مغربی ہوتا ھے ‘ اس میں تمام شرعی عیب بھی موجود ہوتے ہیں ‘ لیکن جب اسلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کا ذکر آتا ہے تو اس مغربی مسلمان اور کٹر مولوی کے ردِ عمل میں کوئی فرق نہیں ھوتا، کیوں؟ میں نے عرض کیا۔۔” یہ وہ بنیادی بات ہے جسے مغرب کبھی نہیں سمجھ سکتا۔ یہ دلوں کے سودے ہوتے ہیں اور دلوں کے سودے کبھی بیوپاری کی سمجھ میں نہیں آسکتے۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی ذات ایمان کی وہ حساس رگ ہوتی ھے جو برف سے بنے مسلمان کو بھی آگ کا بگولہ بنا دیتی ہے۔ مسلمان دنیا کے ھر مسئلے پر سمجھوتہ کر لیتا ھے لیکن وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی ذات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ یہ ایک ایسی آگ ھے جو انسان کو جلاتی نہیں ‘ اسے بناتی ہے۔ اسے دوبارہ زندہ کرتی ہے اور تم اور تمہارے لوگ اس کیفیت ‘ اس سرور کو کبھی نہیں سمجھ سکتے۔تم لوگوں نے زندگی میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کا مزہ چکھا ہی نہیں۔